جنرل

جدید سائنسی اصولوں,پیشہ ورانہ مہارت سے اشتہاری مجرموں کی گرفتاریاں یقینی بنا ئی جا رہی ہیں:سی سی پی او فیاض احمد دیو

سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ لاہور پولیس جدید سائنسی اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کوبروئے کار لاتے ہو ئے اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں یقینی بنا رہی ہے

لاہور پاکستان (وائس آف پیپل یو ایس اے): سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ لاہور پولیس جدید سائنسی اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کوبروئے کار لاتے ہو ئے اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں یقینی بنا رہی ہے۔اشتہاری، عادی و عدالتی مجرموں کی گرفتاری کے لئے تھانوں کی سطح پر تشکیل دی جانے والی ٹیمیں بلا امتیازکارروائیاں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے بغیر سنگین جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ اشتہاری و عادی مجرم شہر کے اکثر سنگین جرائم میں ملوث پائے جاتے ہیں۔اشتہاری مجرمان کی گرفتاری سے جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔سی سی پی او لاہور نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران اشتہاری وعادی مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب 6026مجرموں کو گرفتار کیا۔ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے بتایا کہ اشتہاری مجرمان قتل، اقدام قتل،ڈکیتی، راہزنی و دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔گرفتارہونے والوں میں 2217اشتہاری،984عادی مجرمان جبکہ 2825 عدالتی مفروران شامل ہیں۔گرفتار کئے جانے والوں میں کیٹگری اے کے 317 جبکہ کیٹگری بی کے 1900 اشتہاری مجرم شامل ہیں۔اسی طرح کیٹگری اے کے 51 جبکہ کیٹگری بی کے 2774 عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف دیگر اضلاع میں ریڈ کے دوران 250 مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔سربراہ لاہور پولیس نے تمام سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے اس مہم کو روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کریں۔انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے حاصل اہداف ہی پولیس افسران کی مجموعی کارکردگی کا تعین کریں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button