جنرل

ایک کروڑ روپے تاوان کے لیے2شہریوں کو اغواء کرنیوالے ملزمان سمیت قتل اور اندھے قتل کے متعدد مقدمات کے ملزم بھی گرفتار

لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران لڑکیوں کو اغواء کے بعد فروخت، قتل، اندھے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کوگرفتارکر لیا ہے

لاہور پاکستان(وائس آف پیپل یو ایس اے):‌لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران لڑکیوں کو اغواء کے بعد فروخت، قتل، اندھے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کوگرفتارکر لیا ہے۔اِن خیالات کا اظہار ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے آج اپنے دفتر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر اغواء کے بعد فروخت کرنے سمیت قتل، اندھے قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کو اغواء کے بعد بلوچستان میں فروخت کرنیوالے 2اشتہاری ملزمان فیصل اور اتفاق بٹ کو گرفتار کیاہے۔ ملزمان تھانہ فیکٹری ایریا لاہور کی رہائشی 19سالہ لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر کراچی لے گئے اورمعمولی رقم کے عوض بلوچستان میں جھل مگسی کے قبائلی سرداروں کو فروخت کر دیا تھا۔ملزمان کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں اغواء کے علاوہ وہیکل چوری کے متعدد مقدمات ٹریس ہوئے ہیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نواب ٹاؤن نے 2 شہریوں کو ایک کروڑ روپے تاوان کے لیے اغواء کرنیوالے 3ملزمان کو بھی گرفتار کیاہے۔ملزمان نے خود کو FIAکے افسرظاہر کر کے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔اسی طرح انویسٹی گیشن پولیس مانگا منڈی نے شہری سیف اللہ کو فائرنگ کر کے قتل اور محمد نواز کو زخمی کرنیوالے3ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمہ شمیم بی بی نے اپنے آشنا وقاص اور اس کے دوست اعظم کے ہمراہ اپنے شوہر سیف اللہ کو قتل کروایا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن پولیس چوہنگ نے شہری محمد اسعد مدنی کے اندھے قتل میں ملوث ملزم امین کو گرفتار کیا۔ ملزم نے معمولی ذاتی رنجش پر حافظ قرآن اسعد مدنی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ انویسٹی گیشن پولیس نشتر کالونی نے اپنی بیوی ریحانہ بی بی کو گھریلو لڑائی جھگڑے پر قتل کرنیوالے ملزم نعیم کو گرفتار کیا۔ ملزم نعیم نے اپنی بیوی کو تیز دار آلے سے قتل کیا اورنعش آشیانہ سوسائٹی کے کھلے میدان میں دبا دی تھی۔ انویسٹی گیشن پولیس ہیئر نے دوران ڈکیتی اپنے ہی ساتھی کو قتل کرنیوالے ملزمان عارف اور شیر علی کو گرفتار کیا۔ دوران ڈکیتی شہری کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے ان کا اپنا ہی ساتھی تنزیل الرحمان ہلاک ہو گیا تھا۔ انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن ڈویژن نے 7ڈکیت گینگز کے 16ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 17 لاکھ روپے،8موٹر سائیکلیں اور62موٹر سائیکلیں برآمد کی۔ جبکہ انویسٹی گیشن پولیس چوہنگ نے 3ڈکیت گینگز کو گرفتا رکر کے 10لاکھ نقدی اور20موبائل فونز برآمد کیے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آخر میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بلوچستان سے بچی کوبحفاظت بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کرنیوالی پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button