وزیر اعظم پورٹل عوام کی شکایت کے ازلہ کیلئے ایک تاریخی پروگرام ہے:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور
وزیر اعظم کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر پنجاب سے وفاقی محکموں کے متعلق 32ہزار 109شکایت میں سے97فیصدسے زائد حل کر دی گئیں جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے تمام وفاقی محکموں کو شکایات کے حل کیلئے سو فیصد ٹارگٹ یقینی بنانے کی ہدایات کردیں۔گور نر پنجاب نے بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کر نیوالے افسران اور محکموں کی کار کردگی کو بھی سراہا۔
لاہور(یو این این) وزیر اعظم کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر پنجاب سے وفاقی محکموں کے متعلق 32ہزار 109شکایت میں سے97فیصدسے زائد حل کر دی گئیں جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے تمام وفاقی محکموں کو شکایات کے حل کیلئے سو فیصد ٹارگٹ یقینی بنانے کی ہدایات کردیں۔گور نر پنجاب نے بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کر نیوالے افسران اور محکموں کی کار کردگی کو بھی سراہا۔
تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی زیر صدارت وفاقی محکموں کے صوبائی سر براہان اور ریجنل افسران کا وزیر اعظم سٹیزن پورٹل میں عوامی شکایت کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں اہم اجلاس منعقدہ ہوا۔ اجلاس میں پر نسپل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور،سپیشل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب عمر سعید،محکمہ سوئی گیس ،نادرا،واپڈہ،بجلی کی کمپنیوں کے چیف ایگز یکٹو ز، محکمہ ہائر ایجوکیشن، اکائونٹنٹ جنرل، بینظیر انکم سپورٹ، اوور سیز پاکستانیز فائونڈیشن اورسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سمیت26وفاقی محکموں کے صوبائی سربراہان اور دیگر اجلاس میں شر یک ہوئے ۔اجلاس میں گور نر پنجاب کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین ماہ کے دوران پنجاب سے وفاقی محکموں کے متعلق مجموعی طور پر 32ہزار 109شکایت موصول ہوئیں جن میں سے 31ہزار 565 شکایت کا ازلہ ہو چکا ہے جبکہ 544شکایات مختلف عدالتی معاملات سمیت دیگر وجوہات کہ وجہ سے زیر التوا ہیں ان کے حل کیلئے بھی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب نے نادرا ریجنل ہیڈ آفس کی طرف سے وراثتی/جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کرنے کے اقدام کو بھی سراہا اور تمام محکموں کو سخت ہدایات دیں کہ عوام شکایت کے حل کیلئیبروقت تمام اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔
اجلاس کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے محکمہ بجلی کی کمپنیوں کے سر براہا ن کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اووربلنگ اور عوام کے بجلی کے میٹرز لگوانے میں در پیش مسائل کو فور ی پر دور کیا جائے۔ اُنہون نے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کیلئے مسائل پیدا کر نے کی بجائے آسانیاں پیدا کر یں۔گور نر چوہدری محمدسرور نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم پورٹل عوام کی شکایت کے ازلہ کیلئے ایک تاریخی پروگرام ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو فوری اور سستا ا نصاف فراہم کر نا ہے جسکے حکومت کے تمام اداروں کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور عوام کے مسائل کو جڑوں سے حل کر نے میں بھی مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اداروں میں شفافیت اور میرٹ لا رہے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار اداروں کو سیاسی مداخلت سے بھی پاک کیا جارہا ہے۔گورنر پنجاب نے اجلاس کے اختتام پر محکموں کی سٹیزن پورٹل کے حوالے سے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہتر ین کار کردگی دکھانے والے افسران اور محکموں کو سر اہا۔