انٹرٹینمینٹ

ماہرہ خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا مری میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کیلئے استعمال

پاکستانی اسٹار ماہرہ خان نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موسم کی خرابی کی باعث مری میں پھنسی ہوئی فیملیز کی مدد کے لیے مری کے ایک ہوٹل سے رابطے کے لیے فون نمبر شیئر کردیا ہے۔

ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس پر لکھا ہے کہ ’موجودہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے ایسی فیملیز جو بچوں کے ساتھ مری میں پھنسی ہوئی ہیں اور اُنہیں مدد کی ضرورت ہے تو برائے کرم رہائش اور مدد کے لیے اس ہوٹل کے فون نمبر پر رابطہ کریں‘۔

ماہرہ خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا مری میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کیلئے استعمال

اس پیغام میں  مزید لکھا کہ’ہم ایسی فیملیز کی میزبانی کریں گے جن کے ساتھ چھوٹے بچے ہیں‘۔

ماہرہ خان نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ پیغام ’ڈِنگلی ڈیل مری‘ کی جانب سے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملکۂ کوہسار مری میں برف باری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی ہے، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سےترجمان پولیس کا کہنا ہےکہ مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا ہے۔

مری میں شدید برف باری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے درخت گرے، تمام سیاحوں کو رات سے پہلے ہی محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زائد فیملیز کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے، راستے آج بھی بند رہیں گے۔

تاہم، امدادی کاموں میں تیزی آنے کے باوجود بھی سیاح انتظامیہ کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button